میرے چاروں طرف
ان گنت صفحات بکھرے ہوئے ہیں
جن میں
آدھی ادھوری نظمیں ،
چند ٹوٹے پھوٹے اشعار
اور کچھ بے ترتیب غزلیں
... اور کبھی نہ مکمل ہونے ہونے والے
بہت سے افسانے شامل ہیں
میرے چاروں طرف ان گنت لمحات بکھرے ہوئے ہیں
وہ لمحات
جن کے اندر میں کبھی پائی گئی تھی
وہ لمحات
جن کے اندر میں نے کبھی سانسیں لی تھیں
وہ لمحات
جو میری آنکھوں میں کرچیاں بن کر ٹوٹے
وہ لمحات
جنھوں نے مجھے کبھی مجھ سے ملایا
اور تا ابد
جدا کر دیا
میرے چاروں طرف
ان گنت سوالات بکھرے ہوئے ہیں
وہ سوالات جو مبہم تھے
کبھی نہ سمجھ میں آنے والے
بہت الجھے ہوئے
جن کے جوابات تلاش کرتے کرتے
میں خود
مجسم سوال بن گئی
میرے چاروں طرف ان گنت
سومنات بکھرے ہوئے ہیں
جن میں ہزاروں بت "خدا" بنے بیٹھے ہیں
میں نے ان پر سترہ حملے کیئے ہیں
اور ہر حملے کے بعد
میں خود ہی مفتوح ہوتی گئی
میرے چاروں طرف
ان گنت عجائبات بکھرے ہوئے ہیں
جن میں سر فہرست ایک آئینہ ہے
جسے میں جب بھی دیکھتی ہوں
ہمیشہ خالی نظر آتا ہے
میرے چاروں طرف ہر چیز بکھری پڑی ہے ۔
ہر چیز "موجود " ہے
صرف ایک میں ہوں
__جو نا موجود ہوں
No comments:
Post a Comment