ہر دِن میں ایک رات ہے محسوس تو کرو
کتنی بڑی یہ بات ہے محسوس تو کرو
اِس میں حسیں بتوں کا تصور مقیم ہے
دِل چھوٹا سومنات ہے محسوس تو کرو
گر شَش جِہِت وُجودِ خدا پر یقین ہے!
ہر چیز میں حیات ہے محسوس تو کرو
خود محوری سے دید کو فرصت ملے اَگر
ہر ذَرّہ کائنات ہے محسوس تو کرو
تنہائی کا خیال بھی باطل کی دین ہے
تنہا بس اُس کی ذات ہے محسوس تو کرو
آتے ہُوئے اَذاں ہُوئی ، جاتے ہُوئے نماز
اَلمختصَر حیات ہے محسوس تو کرو
ملنا بھی داستان ، بچھڑنا بھی داستان
..یہ شَہرِ حادِثات ہے محسوس تو کرو
No comments:
Post a Comment